اینکرپرسن ربیعہ حسن قتل میں انصاف کیلئے حکومت کا عزم، تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اینکرپرسن ربیعہ حسن کے قتل کے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
وزیر اطلاعات نے یقین دہانی کرائی کہ اس قتل کی مکمل اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ تحقیقاتی ادارے واقعے سے جڑے تمام شواہد اکٹھے کر رہے ہیں اور کسی بھی پہلو کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ صحافتی برادری کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور میڈیا سے وابستہ افراد کو ہراساں کرنے یا ان کے خلاف کسی بھی نوعیت کے تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر ممکن قانونی و انتظامی مدد فراہم کرے گی۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کیس کی تحقیقات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور جلد ہی اس حوالے سے پیش رفت عوام کے سامنے لائی جائے گی۔




