شہباز شریف: معدنی وسائل کی خام شکل میں برآمد بند کی جائے گی
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت نئے اعتماد اور تبدیلی کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ملکی معاشی استحکام کے ثمرات اب واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ وہ اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی اور معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک برآمد کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے تحت ان وسائل کو مقامی سطح پر پراسیس کر کے ملکی صنعتوں میں استعمال کیا جائے گا اور تیار شدہ مصنوعات کی صورت میں برآمد کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ معدنی شعبہ قومی معاشی وژن کا مرکزی حصہ ہے اور یہ سفر مشکل ضرور ہے لیکن حکومت پرعزم ہے۔ انہوں نے معدنیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم کے کردار کو بھی سراہا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا مقصد پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر کو عالمی سرمایہ کاروں سے متعارف کرانا اور ملکی معیشت کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ فورم میں ملکی و غیر ملکی اعلیٰ حکام، سرمایہ کاروں اور کان کنی کے شعبے کی بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔




