باہمی تعاون اور برداشت سے ہی ترقی ممکن ہے، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشرہ باہمی تعاون اور برداشت سے ہی ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے۔ برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی سیرت طیبہ اور اسوہ حسنہ برداشت اور دوسروں کے ساتھ حسن سلوک کا بہترین نمونہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان بلا تفریق رنگ، نسل، مذہب اور طبقہ تمام شہریوں کو عزت، تحفظ اور یکساں مواقع فراہم کرتا ہے اور قانون کی نظر میں سب کی برابری کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب، روایات اور متنوع ثقافت پر مشتمل پاکستانی معاشرہ ہماری لسانی اور مذہبی ہم آہنگی کی قوت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری، اقلیتوں اور کمزور طبقات کے تحفظ اور نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتوں کے حقوق کے قومی کمیشن سے متعلق 2025 کے قانون کے نفاذ سے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا قانونی ڈھانچہ مزید مضبوط ہوا ہے۔
وزیراعظم نے علمائے کرام، اساتذہ، ذرائع ابلاغ، سول سوسائٹی اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تعصب کو مسترد کریں، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں اور نفرت و تشدد کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ برداشت اور رواداری کی تربیت گھر سے شروع ہوتی ہے اور اس کے فروغ میں تعلیمی اداروں کا کردار کلیدی ہے۔




