آئی ایم ایف کا پاکستان سے پیٹرولیم سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ
کراچی: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی کے اخراجات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ موجودہ سبسڈی اسکیم کو مرحلہ وار ختم کیا جائے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے ترجمان نے واضح کیا کہ مستقبل میں ریلیف صرف مستحق طبقات تک محدود رکھا جائے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی مالی معاونت محدود، عارضی اور صرف مستحق افراد کے لیے ہونی چاہیے، اور یہ اقدامات مالی سال 2026-27 کے منظور شدہ بجٹ کے اندر رہتے ہوئے کیے جائیں۔ عالمی مالیاتی ادارے نے ایندھن پر حکومتی رعایت کا دائرہ وسیع اور اخراجات زیادہ قرار دیے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے ستمبر میں قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے کم آمدنی والے طبقے کو بچانے کے لیے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم متعارف کرائی تھی، جس کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو مخصوص مقدار میں پیٹرول پر رعایت دی جا رہی ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ پروگرام کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے مطابق مقرر کرنے کا پابند ہے۔
آئی ایم ایف نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں قیمتوں کا اتار چڑھاؤ ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ ادارے نے پاکستان کو معاشی استحکام برقرار رکھنے، سرکاری مالیات بہتر بنانے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط کرنے پر بھی زور دیا ہے۔




