سیاست

یوم آزادی فلسطین: پاکستان کی آزاد ریاست کیلئے حمایت کا اعادہ

اسلام آباد: پاکستان نے ریاست فلسطین کے اعلان آزادی کی 38ویں سالگرہ کے موقع پر فلسطین کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق حکومت اور عوام پاکستان اس اہم موقع پر فلسطینی عوام اور ان کی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی فلسطین کے صدر محمود عباس کے نام خط میں ریاست فلسطین کے اعلان آزادی کی 38ویں سالگرہ پر فلسطینی صدر اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور پاکستانی عوام فلسطینی عوام کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

صدر زرداری نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق، بالخصوص حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

Back to top button