شہباز شریف کوپ 31 موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کیلئے ترکیہ روانہ
لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف موسمیاتی تبدیلی سے متعلق 31ویں عالمی کانفرنس (کوپ 31) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے لاہور سے ترکیہ روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم 10 سے 12 نومبر تک جاری رہنے والی اس اہم عالمی کانفرنس میں عالمی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اس موقع پر مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت و حکومت سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون، ماحولیاتی فنڈنگ اور پاکستان کو درپیش موسمیاتی چیلنجز سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اس لیے عالمی برادری کو اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔
کوپ 31 سربراہی اجلاس میں دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت، حکومتی نمائندے اور ماہرین ماحولیات شرکت کر رہے ہیں، جہاں عالمی حدت میں اضافے، موسمیاتی فنڈنگ کے طریقہ کار اور پائیدار ترقی کے اہداف پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستانی وفد کانفرنس کے دوران سیلاب، خشک سالی اور ماحولیاتی تبدیلی سے ہونے والے دیگر نقصانات سے متعلق پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرے گا۔
وزیراعظم کی ہمراہ وفد میں وفاقی وزراء اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں، جو کانفرنس کے مختلف اجلاسوں اور سائیڈ لائن ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔




