کے پی، بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 74 خوارج ہلاک
راولپنڈی / پشاور / کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 74 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیوں کے دوران خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچایا گیا اور بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
صدر اور وزیراعظم نے اپنے بیانات میں کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔ انہوں نے قوم کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔




