غربت کی شرح 40.5 فیصد تک بڑھنے کا خدشہ، عالمی بینک رپورٹ

اسلام آباد: عالمی بینک کی ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں رواں سال غربت کی شرح بڑھ کر 40.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ ملک کی سست اقتصادی ترقی، مہنگائی اور روزگار کے محدود مواقع کا نتیجہ ہے۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 16 لاکھ نئے نوجوان افرادی قوت میں شامل ہوتے ہیں، تاہم ملکی معیشت ان کے لیے مناسب روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو غربت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ معاشی اصلاحات کو تیز کرے، سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی حکمت عملی وضع کرے۔ عالمی بینک نے تعلیم اور ہنر مندی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی بھی سفارش کی ہے۔
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ غربت میں کمی کے لیے پائیدار اقتصادی ترقی، مہنگائی پر قابو اور سماجی تحفظ کے پروگراموں کو وسعت دینا ناگزیر ہے، تاکہ کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔




