اسحاق ڈار کی زیرصدارت پاکستان ریلوے میں اصلاحات پر اہم اجلاس
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بدھ کے روز پاکستان ریلوے کی بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، مالی استحکام کو یقینی بنانے اور ادارے کی تنظیم نو سے متعلق تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریلوے کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے کی آمدن میں اضافے اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، جن میں نجی شعبے کی شراکت داری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا شامل ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان ریلوے کو ایک منافع بخش اور مؤثر ادارہ بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔




