بلوچستان: کچھی اور ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 9 دہشت گرد ہلاک، اسپیکر قومی اسمبلی کا خراجِ تحسین
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور ہرنائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 9 دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں قابل فخر ہیں اور ان کی آپریشنل کامیابیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی واضح عکاسی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ریاست پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں پاکستان، بالخصوص بلوچستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی، اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری نے ایک بار پھر دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی رہے اور دہشت گردی کے خاتمے کی اس جنگ میں مکمل تعاون فراہم کرے، کیونکہ یہ جنگ صرف فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے۔ سردار ایاز صادق نے جاں بحق ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ سے بھی اظہار یکجہتی کیا اور ان کی قربانیوں کو ملکی تاریخ کا روشن باب قرار دیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں حالیہ عرصے کے دوران سکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جن میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔




