سینیٹر محمد عبدالقادر: چھوٹے ڈیموں، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور جدید آبپاشی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ناگزیر
کوئٹہ: سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ بلوچستان کو پانی کی قلت کے مسئلے میں خصوصی اہمیت دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ صوبے کا بڑا زرعی رقبہ بارانی زمین اور محدود آبی وسائل پر انحصار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ اور دیہی معیشت کے فروغ کے لیے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے، نہری نظام کی بہتری اور جدید آبپاشی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آبی ذخائر کی تعمیر و ترقی کے لیے خطیر رقم کی سرمایہ کاری کا منصوبہ خوش آئند ہے، جس کے تحت مختلف اسٹوریج ڈیمز سمیت متعدد منصوبے ملک کی آبی ذخیرہ کاری کی صلاحیت بڑھانے اور زرعی ضروریات پوری کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ سینیٹر عبدالقادر کے مطابق یہ منصوبے قومی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیے گئے ہیں تاکہ پانی کی قلت پر قابو پایا جا سکے اور زرعی پیداوار میں اضافے کے ذریعے قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاری اور زراعت کے شعبے میں پانی کی قلت کسانوں کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے، خصوصاً بلوچستان جیسے خشک اور نیم خشک علاقوں میں جہاں بارشیں غیر یقینی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ منصوبوں پر عمل درآمد ترجیحی بنیادوں پر اور مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ کسانوں اور دیہی آبادی کو جلد از جلد ریلیف مل سکے۔
سینیٹر محمد عبدالقادر نے امید ظاہر کی کہ جدید آبپاشی ٹیکنالوجی اور پانی کے ذخیرے کے مؤثر نظام سے نہ صرف زرعی پیداوار میں بہتری آئے گی بلکہ بلوچستان کی دیہی معیشت کو بھی مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے گا۔




