میرعلی آپریشن میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ، وزیراعظم کی مذمت
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی کے جنوبی حصے میں واقع موزہ گاؤں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ تباہ کر دیا۔ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انکشاف ہوا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے علاقے کی ایک مسجد کو دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے اور تخریبی سرگرمیوں کے مرکز کے طور پر استعمال کیا تھا، جو مقدس مقام کی کھلی بے حرمتی اور اسلامی تعلیمات سے صریح انحراف ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مساجد جیسے مقدس مقامات کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں، اور دہشت گردوں کی جانب سے مقدس مقامات کو دھماکا خیز مواد کے ذخیرے اور تخریب کاری کے مراکز کے طور پر استعمال کرنا ان کے حقیقی عزائم کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے قوم کو یقین دہانی کرائی کہ دہشت گردی کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری روایتی قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور افغان سرزمین سے پاکستان مخالف دہشت گردی کی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور قربانیوں کو بھی سراہا۔




