اسحاق ڈار: پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جو وسیع تر علاقائی تعاون کا فعال حصہ ہو اور اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ امن سے رہے۔ وہ اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ خودمختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون ہمارے رہنما اصول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ای سی او کے چارٹر میں درج اصولوں، مقاصد اور وژن کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور بانی رکن کی حیثیت سے علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا خطہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث منفرد جغرافیائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں غیر یقینی صورتحال اور درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط علاقائی روابط، جدید ٹیکنالوجی اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ باہمی تعاون سے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، اس لیے رکن ممالک کو تجارت، رابطہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے چاہئیں۔




