سیاست

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا سہ فریقی دفاعی تعاون مستحکم

اسلام آباد: پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹیجک، سیاسی اور دفاعی تعاون کو مزید تقویت دینے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق تینوں برادر ممالک کے مابین قائم سہ فریقی کمیٹی کا اجلاس رواں ماہ نومبر میں اسلام آباد میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت شرکت کرے گی، جس میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، تزویراتی ہم آہنگی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس کا مقصد تینوں برادر اسلامی ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق سہ فریقی کمیٹی کے ایجنڈے میں دفاعی صنعت میں باہمی تعاون، مشترکہ فوجی تربیت، انٹیلی جنس شیئرنگ اور علاقائی و عالمی سطح پر درپیش سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں سلامتی کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتا ہوا یہ تزویراتی تعاون نہ صرف تینوں ممالک بلکہ وسیع تر مسلم دنیا کے لیے بھی مثبت پیغام رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button