پاکستان

افغانستان میں دہشت گردوں کے 200 ٹھکانے: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پر دہشت گردوں کے قریباً 200 الگ الگ ٹھکانے اور تربیتی کیمپ موجود ہیں، جہاں سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور رہنمائی کی جاتی ہے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے پاس ان ٹھکانوں سے متعلق مصدقہ انٹیلی جنس معلومات موجود ہیں اور ریاست پاکستان اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ دہشت گردی سے متعلق بعض مسائل کو اندرونی طور پر بھی حل کرنا ہوگا، کیونکہ محض بیرونی سرحدوں پر کارروائیوں سے مسئلے کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی نااہل حکومت کا دہشت گردی کے بعض سہولت کاروں سے تعلق بھی سامنے آیا ہے، جو کہ ایک تشویشناک امر ہے اور اس حوالے سے سیاسی قیادت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ کسی صورت میں سست نہیں پڑنے دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے پی حکومت کے خاتمے یا برقراری سے متعلق سوال خالصتاً سیاسی نوعیت کا ہے، جس کا بہتر جواب سیاستدان ہی دے سکتے ہیں، فوج کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں۔

انہوں نے قوم کو یقین دہانی کرائی کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی اور افغان سرزمین سے پاکستان مخالف دہشت گردی کی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں کے خلاف اپنا کردار ادا کرے۔

جواب دیں

Back to top button