بلوچستان میں بے روزگاری کا حل: گورنر کا ڈیجیٹل مہارتوں پر زور
کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے ہزاروں نوجوان بے روزگاری جیسے سنگین معاشی مسئلے سے دوچار ہیں اور اس کے تدارک کے لیے جدید خطوط پر تربیت اور ہنرمندی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ اگر نوجوانوں کو فری لانسنگ، ڈیجیٹل میڈیا، ای کامرس اور آن لائن بزنس کی عملی تربیت فراہم کی جائے تو وہ نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں روایتی روزگار کے مواقع محدود ہوتے جا رہے ہیں، جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، روبوٹکس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیجیٹل انجینئرنگ جیسے جدید شعبوں میں ہنرمند افرادی قوت کی عالمی سطح پر زبردست طلب موجود ہے۔ گورنر بلوچستان نے بتایا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی تربیت کے لیے مختلف تکنیکی اداروں اور یونیورسٹیوں کے تعاون سے جدید نصاب متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے۔
جعفر خان مندوخیل نے مزید کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور لگن کی کوئی کمی نہیں، تاہم انہیں مناسب رہنمائی، جدید تربیتی مراکز اور وسائل تک رسائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کاروباری اداروں اور نجی شعبے پر بھی زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
گورنر نے امید ظاہر کی کہ جدید علوم اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت کے ذریعے بلوچستان کے نوجوان نہ صرف اپنے معاشی مسائل حل کر سکیں گے بلکہ صوبے کی مجموعی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔




