بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے نئے ذخائر دریافت
اسلام آباد: ماری انرجیز نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے اہم ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعہ کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق یہ دریافت ماری انرجیز کی ذیلی کمپنی ماری منرلز نے ایسٹ سیاہ ڈک کے علاقے میں کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق نئی دریافت ریکوڈک منصوبے سے تقریباً 50 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔ ماری منرلز نے دو مراحل میں 25 ہزار میٹر ڈرلنگ مکمل کی، جس کے دوران 500 میٹر گہرائی تک تانبے اور سونے کے ذخائر کی نشاندہی ہوئی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے کی ڈرلنگ کے نمونوں کے لیبارٹری نتائج 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہیں، جبکہ اگلے مرحلے میں ایک ہزار میٹر گہرائی تک ڈرلنگ کی جائے گی تاکہ ذخائر کے حجم کا مزید درست اندازہ لگایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق یہ دریافت بلوچستان کے معدنی شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے اور اس سے صوبے میں سرمایہ کاری، روزگار اور معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔




